پرینکا کی سون بھدرا متاثر ین سے ملاقات، حکومت یو پی کیساتھ تعطل ختم

,

   

چنار گیسٹ ہاؤس پر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات ، زخمیوں کی مزاج پرسی ، دہلی کیلئے روانگی سے قبل ’’مَیں دوبارہ آؤں گی ‘‘کا وعدہ

لکھنؤ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ حکومت اترپردیش اور پرینکا گاندھی کے درمیان پیدا شدہ تعطل بالآخر ختم ہوگیا۔ یہ تنازعہ گزشتہ روز اس وقت پیدا ہوا تھا جب کانگریس کی جنرل سکریٹری برائے مشرقی اُترپردیش پرینکا گاندھی حالیہ سون بھدرا شوٹنگ واقعہ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کیلئے اُن کے گھر روانہ ہورہی تھیں کہ ضلع مرزا پور انتظامیہ نے انہیں روکتے ہوئے چنار گیٹ ہاؤس منتقل کردیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا تھا۔ پرینکا نئی دہلی واپس ہونے سے انکار کرتے ہوئے متاثرین کے خاندانوں سے ملاقات کیلئے اصرار کررہی تھیں۔ چنانچہ سون بھدرا کے چند دیہاتی ہفتہ کی صبح خود ہی گیسٹ ہاؤس پہونچ گئے اور ان سے ملاقات کی۔ سون بھدرا کے گاؤں میں اراضی کے تنازعہ پر مبینہ فائرنگ میں کم سے کم 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پرینکا نے کہا کہ اب وہ وارانسی روانہ ہورہی ہیں جہاں جمعہ کو پہونچی تھیں۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے قبل ازیں بی ایچ یو مرکز خصوصی طبی نگہداشت پہنچ کر سون بھدرا فائرنگ واقعہ کے چند زخمیوں کی عیادت کی تھی، لیکن سون بھدرا کو روانگی کے دوران روک دیئے جانے کے سبب وہ مہلوکین کے خاندانوں کے گھر نہیں پہونچ سکی تھیں۔ پرینکا نے گزشتہ روز چنار گیسٹ ہاؤز پہونچنے والے سون بھدرا کے افراد کو ان سے ملاقات کرنے سے روک دیئے جانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ افراد انتہائی غم زدہ حالت میں پہونچے تھے۔ انہیں ملاقات کا موقع دیا جانا چاہئے تھا۔ پرینکا نے دہلی روانگی سے قبل عوام کے جوش و خروش کا ہاتھ ہلاکر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’میں دوبارہ واپس آؤں گی‘‘۔