پرینکا گاندھی نے الور واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں

   

جے پور ۔ راجستھان کے الور واقعہ پر سیاسی تنازعہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مظاہروں کے بعد کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر اعلی اشوک گہلوت سے پورے معاملے کے بارے میں دریافت کیا ہے ۔ محترمہ واڈرا نے متاثرہ کے والد سے فون پر بات بھی کی ہے ۔ ساتھ ہی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کی ہے ۔پرینکا گاندھی کو فون کے بعد وزیراعلی اشوک گہلوت نے پہلی بار الور معاملے میں ٹویٹ کر کے دیر رات ردعمل کا اظہار کیا۔ الور کے واقعہ کے بارے میں پرینکا گاندھی نے خو دٹویٹ نہیں کیا،لیکن اترپردیش کانگریس کے اسٹنٹ انچارج سکریٹری دھیرج گرجر نے دیر رات ٹویٹ کر کے پرینکا گاندھی کے متاثرہ کے والد سے بات کرنے اور مسٹر گہلوت کو ہدایت دئے جانے کی معلومات دی۔ دھیرج گرجر نے لکھا کہ الور میں جو واقعہ پیش آیا ہے ،وہ ناقابل برداشت ہے ۔متاثرہ کے والد سے پرینکا گاندھی کی فون پر بات ہوئی ہے ۔ انہیں ہر طرح سے مدد کی یقین دہانی کرنے کے ساتھ ہی کسی بھی قسم کی مدد کے لئے براہ راست رابطہ کرنے کے لئے کہا ہے ۔ ساتھ ہی وزیراعلی اشوک گہلوت سے بھی واقعہ کے بارے میں اطلاع دینے کے ساتھ متاثر کے علاج ، کنبے کے خیال اور قصورواروں پر فوری کارروائی کی اپیل کی ہے ۔ اس دوران وزیراعلی اشوک گہلوت نے دیر رات ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ الور میں ایک معذور لڑکی کے معاملے میں سینئر پولیس افسروں ،ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ الور اور لڑکی کا علاج کرنے والے ڈاکٹر سے رابطہ قائم ہے ۔ڈی جی پولیس کو آزادانہ اور منصفانہ تحقیق کرکے جلد معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ الور ایس پی کی مدد کے لئے ریاستی سطح سے ڈی جی سطح کے افسر کی قیادت میں جانچ کے لئے الگ سے ٹیم بھیجی گئی ہے ۔