پسماندہ طبقات کے تحفظات پر نئی دہلی میں ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس

   

ٹی آر ایس، وائی ایس آر کانگریس اور ڈی ایم کے کی شرکت، طبقات کی بنیاد پر مردم شماری کا مطالبہ
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ملک میں پسماندہ طبقات کو آبادی کے تناسب سے تحفظات فراہم کرنے کے مطالبہ کے تحت نئی دہلی میں او بی سی ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ او بی سی ارکان پارلیمنٹ فورم کے کنوینر اور سینئر کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ نے نئی دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں اجلاس منعقد کیا تھا۔ بی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ، وائی ایس کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ جی مادھو، آر کرشنیا، بی ایس پی رکن پارلیمنٹ شام سنگھ یادو، ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ گری رنجن اور دوسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے بی سی اور او بی سی قائدین نے مرکزی حکومت سے طبقات کی علحدہ مردم شماری کے مطالبہ کو دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر طبقہ کی علحدہ مردم شماری کے ذریعہ پسماندہ طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں او بی سی تحفظات کو 52 فیصد کرنے اور او بی سی طبقات کیلئے کِریمی لیئر کی حد ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ او بی سی ایمپلائز فیڈریشن کے قومی جنرل سکریٹری کروناندھی اور پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری آر لکشمن یادو اور دیگر قائدین نے تجاویز پیش کی۔ وی ہنمنت راؤ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ او بی سی ارکان پارلیمنٹ فورم نے مرکزی حکومت سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پسماندہ طبقات کو تحفظات کی فراہمی میں حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ آبادی کے اعتبار سے تحفظات کیلئے ارکان پارلیمنٹ نے دونوں ایوانوں میں آواز اٹھانے سے اتفاق کیا۔ اسی دوران وی ہنمنت راؤ نے نئی دہلی میں کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ر