پلاننگ بورڈ وائس چیرمین کیلئے ریونت ریڈی کے دیرینہ دوست کا انتخاب متوقع

   

ٹی ایس پبلک سرویس کمیشن چیرمین کیلئے بھی موزوں شخص کی تلاش

حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سمجھا جاتا ہیکہ ان کے دیرینہ دوست اور سابق رکن اسمبلی وی نریندر ریڈی کو تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے وائس چیرمین کے طور پر مقرر کرنے کے حق میں ہیں۔ بحیثیت چیف منسٹر پہلی اننگس (2014-18) میں بی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر راؤ نے ایس نرنجن ریڈی کو پلاننگ بورڈ کا وائس چیرمین مقرر کیا تھا اور دوسری میعاد (2018-23) میں انہوں نے سابق ایم پی، بی ونود کمار کو اس عہدہ پر مامور کیا تھا جو کابینی درجہ کا عہدہ ہے۔ ریاست کے چیف منسٹر پلاننگ بورڈ کے چیرمین ہوتے ہیں جبکہ وزیرفینانس بہ اعتبار عہدہ اس کے ممبر ہوتے ہیں۔ ریونت ریڈی تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کا چیرمین مقرر کرنے کیلئے بھی کسی موزوں شخص کا انتخاب کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ یہ بھی سمجھا جاتا ہیکہ وہ پبلک سرویس کمیشن کے چیرمین کیلئے سابق آئی اے ایس عہدیدار اے مرلی کے نام پر غور کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر چند بیوروکریٹکس اور پروفیسرس کے نام بھی ان کے زیرغور ہیں۔ تلنگانہ جنا سمیتی صدر ایم کودنڈارام کو جو عثمانیہ یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے سابق پروفیسر ہیں اور تلنگانہ تحریک میں سرگرم حصہ لیا تھا، اس اہم عہدہ پر مامور کرنے کیلئے بھی غور کیا جارہا ہے کیونکہ چیف منسٹر اس وٹیرن پروفیسر کو اعزاز دینے کے خواہاں ہیں لیکن اس میں ایک تکنیکی رکاوٹ ہے۔ کودنڈارام کی عمر 62 سال سے زیادہ ہے اور اس عہدہ کیلئے اس عمر سے کم شخص کو مقرر کرنا ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ان دو عہدوں کو جس قدر جلد ممکن ہو پُر کرنے کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں۔