پلاٹس فروخت کرنے کے بہانے لاکھوں روپئے لیکر فرار ہونے والا شخص گرفتار

   

حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز) پلاٹس فروخت کرنے کے بہانے لاکھوں روپئے رقم لے کر فرار ہونے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 42 سالہ روی کو گرفتار کرلیا جو بھیونڈی تھانے ضلع کا ساکن بتایا گیا ہے۔ اس نے کل دو افراد کو دھوکہ دیتے ہوئے ان کی 80 لاکھ رقم اور کار کو لے کر فرار ہوگیا تھا۔ روی رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے۔ اس نے 4 پلاٹس کو فروخت کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے سریدھر اور وجئے کمار ساکنان او یو کالونی شیخ پیٹ کو ایرپورٹ طلب کیا اور انہیں بتایا کہ پلاٹس کے مالکین بذریعہ ہوائی جہاز ایر پورٹ پہنچ رہے ہیں جنہیں ایر پورٹ سے حاصل کرتے ہوئے رجسٹریشن کروایا جائے گا۔ روی کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے سریدھر اور وجئے کمار اپنی کار میں 80 لاکھ روپئے رقم کے ساتھ ایر پورٹ پہنچے کافی دیر انتظار کروانے کے بعد روی نے انہیں بتایا کہ ایرپورٹ سے باہر آنے میں تاخیر ہوگی اور چائے کی پیشکش کرتے ہوئے ان کی کار کو پارک کرنے کے بہانے کار لے کر فرار ہوگیا۔ وجئے کمار اور سریدھر کی شکایت پر فوری حرکت میں آتے ہوئے پولیس نے روی کو گھٹکیسر ٹول پلازہ پر گرفتار کرکے رقم اور کار کو ضبط کرلیا۔ع