پلوامہ حملہ کیخلاف ہندوستانی ردعمل کیا ہے، شیوسینا کا سوال

   

ممبئی 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے جمعرات کو حکومت سے سوال کیا ہے کہ پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے جواب میں بی جے پی زیرقیادت حکومت کا ردعمل کیا ہے اور پارٹی نے کہاکہ پاکستان کے خلاف انتقامی کارروائی کو انتخابات تک نہ ٹالا جائے بلکہ فوری طور پر حکومت حرکت میں آئے۔ اپنے اخبار ’سامنا‘ کے اداریہ میں شیوسینا نے حکومت سے کہاکہ وہ مذمت میں امریکہ اور یوروپ پر منحصر نہ رہے اور ہم کو خود سے لڑنا ہے نہ کہ امریکہ اور یوروپ پر انحصار کریں۔ سینا نے مزید کہاکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سوشل میڈیا پر جنگ چھڑی ہوئی ہے جو دراصل انتخابی مہم کے حصہ کے سوا کچھ نہیں۔ اور اس سوشل میڈیا جنگ کو فوری طور پر بند کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سپاہیوں کی شہادت اور دہشت گردانہ حملے سب انتخابات جیتنے کے حربے ہیں تو ایسا ملک کس طرح سے جنگ جیت سکتا ہے اور پاکستان کو سبق سکھانے کی باتیں صرف بیان بازی کی حد تک ہی محدود ہیں۔ پہلے عمل کریں پھر بعد میں بیان دیں اور پٹھان کوٹ واقعہ کے بعد سے ہم صرف وارننگس پر ہی اکتفا کئے ہوئے ہیں اور اس کے بعد یوری اور پھر اب پلوامہ دہشت گردی واقعہ وقوع پذیر ہوا ہے۔ شیوسینا نے کہاکہ اس حملہ کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ، فرانس اور ایران کی جانب سے مذمتی بیانات کو سن کر ہم ایک دوسرے کی پیٹوں کو تھپ تھپارہے ہیں۔ پیر کو بی جے پی اور شیوسینا نے آنے والے لوک سبھا اور مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے لئے نشستوں کی تقسیم پر معاہدہ کیا ہے اور ماضی میں دونوں پارٹیوں کی جانب سے تعلقات میں نشیب و فراز دیکھے گئے اور دونوں پارٹیوں نے انفرادی طور پر انتخابات لڑنے کا اعلان بھی کیا تھا۔