پلٹزر ایوارڈ یافتہ کشمیری فوٹو جرنلسٹ کو نیویارک جانے سے روک دیا گیا

   

نئی دہلی: کشمیری فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد مٹو کو امیگریشن حکام نے منگل کے روز نیویارک جانے سے روک دیا۔ واضح رہے ثنا کو امریکہ میں فوٹو گرافی پر پلٹزر پرائز ملنے والا تھا۔ مٹو نے ٹوئٹ کیا کہ میں نیویارک میں پلٹزر ایوارڈحاصل کرنے جارہی تھی لیکن مجھے دہلی کے ہوائی اڈے پر امیگریشن پر روک دیا گیا، ایک درست امریکی ویزا اور ٹکٹ رکھنے کے باوجود مجھے بین الاقوامی سفر کرنے سے روک دیا گیا۔یہ دوسری بار ہے جب ثنا کو بغیر کسی وجہ کے روکا گیا ہے۔ چند ماہ قبل پیش آئے واقعہ کے بعد کئی حکام تک پہنچنے کے باوجود انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کرنا ان کی زندگی کا ایک اہم موقع تھا۔2 جولائی کو وہ سیرینڈپیٹی آرلس گرانٹ 2020 کے 10 ایوارڈ یافتگان میں سے ایک کے طور پر کتاب کی رونمائی اور فوٹو گرافی کی نمائش کیلئے وہ نئی دہلی سے پیرس کا سفر کرنے والی تھیں لیکن اس وقت بھی ان کو امیگریشن پر روک دیا گیا تھا اور اس کے بورڈنگ پاس پر مہر لگا دی تھی ۔28 سالہ فوٹو جرنلسٹ بین الاقوامی وائر ایجنسی رائٹرز کیلئے کام کرتی ہے۔