نئی دہلی: ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے نئی دہلی اسٹیشن پر گزشتہ ہفتہ کو ہوئی بھگدڑ سے متعلق اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسٹیشن پر پریاگ راج کے لیے خصوصی ٹرین کا پلیٹ فارم تبدیل کرنے کے اعلان کے بعد افراتفری مچ گئی اور فٹ اوور برج پر مسافر ایک دوسرے پر گرنے لگے ، جس کی وجہ سے 20 مسافر ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے ۔ نئی دہلی کے آر پی ایف پوسٹ کے انچارج انسپکٹر نے اتوار کو سینئر ڈیویژنل سیکورٹی کمشنر (کوآرڈینیشن) کو ایک رپورٹ پیش کی، جس میں اس واقعہ کے بارے میں تفصیلی اطلاعات دی گئیں۔ رپورٹ میں انسپکٹر انچارج نے لکھا ہے کہ 15 فروری کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر عام دنوں کی طرح پریاگ راج کی طرف جانے والی بھیڑ بھاڑ والی ٹرینوں کو انسپکٹر، نئی دہلی کے ہمراہ آر پی ایف پوسٹ نئی دہلی اور ڈیویژن کی دیگر پوسٹوں سے آئے اسٹاف کے ہاتھوں کمبھ میلے کے دوران بھیڑ کو عام دنوں کی طرح آسانی سے گزرنے دیا جا رہا تھا۔