پناما پیپر:ایشوریہ سے 5 گھنٹے تفتیش

,

   

نئی دہلی: پناما پیپر لیک معاملے میں سابق مس ورلڈ اور اداکارہ ایشوریہ رائے بچن پیر کو دارالحکومت کے جام نگر ہاؤس میں واقع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں پیش ہوئیں۔جہاں اُن سے پانچ گھنٹے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ ای ڈی نے آج ہی ایشوریہ بچن کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا کیونکہ وہ پہلے دوبار اس طرح کے نوٹس پر پیش نہیں ہوپائیں تھیں۔غیر ملکی سرمایہ کاری یا دولت رکھنے والے 500 ہندوستانیوں کی اس فہرست میں ایشوریہ کا نام بھی شامل تھا۔ ای ڈی نوٹس جاری کرکے اس فہرست میں شامل تمام لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہا ہے ۔ اس فہرست میں ایشوریہ کے سسر اداکار امیتابھ بچن کا نام بھی شامل ہے ۔اداکار ابھیشیک بچن کی اہلیہ ایشوریہ بچن کو فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ 1999 کے تحت نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) پناما پیپرلیک کیس کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور دیگر ایجنسیاں شامل ہیں۔