پنجاب میں امن وسکون قائم کرنا عام آدمی پارٹی کے بس میں نہیں:راہول

,

   

نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے اور وہاں امن کی بحالی عام آدمی پارٹی کی حکومت کے بس میں نہیں ہے ۔ راہول گاندھی نے منگل کو مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسی والا کی تعزیتی میٹنگ میں شرکت کے لئے پنجاب کے مانسا ضلع کے موسیٰ گاؤں گئے اور ان کی والدہ، والد اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کرکے ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔موسیٰ گاؤں میں متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد راہول نے ٹوئٹ کیاکہ کانگریس لیڈر سدھو موسی والا جی کے والدین جس دکھ سے گزر رہے ہیں اسے بیان کرنا مشکل ہے ۔ انہیں انصاف دلانا ہمارا فرض ہے اور ہم ایسا کریں گے ۔ ریاست کا امن و امان مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ۔ پنجاب میں امن و سکون برقرار رکھنا عام آدمی پارٹی کی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے ۔واضح رہے کہ مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسی والا کو 29 مئی کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا۔