پنجاب کانگریس کے صدر کے عہدہ سے استعفیٰ کے بعدراجہ وارنگ کی راہول گاندھی سے ملاقات

   

نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) پنجاب کانگریس کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد امریندر سنگھ راجہ وارنگ نے جمعرات کے روز یہاں کانگریس رہنما راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 10 جن پتھ پر تقریباً ایک گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔ملاقات کے بعد وارنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے گاندھی کو پنجاب کانگریس کے صدر کے عہدے سے اپنا باضابطہ استعفیٰ سونپ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتِ حال، پارٹی کو درپیش چیلنجوں اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلئہ خیال ہوا۔ انہوں نے ریاستی صدر کے طور پر ساڑھے چار سال کے اپنے تجربے کو گاندھی کے ساتھ شیئر کیا اور بتایا کہ پارٹی کو کن چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے انہیں ریاستی صدر کی ذمہ داری دینے اور مشکل حالات سے ساڑھے چار سال تک قیادت کا موقع دینے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وارنگ نے کہا کہ آئندہ بھی کانگریس پارٹی کو جب بھی ان کی ضرورت ہوگی، وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔قابلِ ذکر ہے کہ پنجاب کانگریس میں طویل عرصے سے جاری اندرونی کھینچ تان کے درمیان وارنگ نے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے ۔ پارٹی جلد ہی پنجاب کانگریس کے نئے صوبائی صدر کا اعلان کر سکتی ہے ۔