پنشن سے متعلق کمل ناتھ کا ٹوئٹ، بحالی کا تیقن

   

بھوپال : کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آج ریاستی سرکاری ملازمین کی پنشن کے بارے میں ٹویٹ کیا ہے ۔کمل ناتھ نے لکھا ہے ، ‘‘شیوراج حکومت کے ذریعہ بند کی گئی سرکاری ملازمین کی پنشن کومدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی بحال کر دی جائے گی۔’’اس سے پہلے ، کانگریس کے سینئر لیڈر نے کل کسانوں کے قرض معافی کے سلسلے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پارٹی کی اس وقت کی حکومت نے 27 لاکھ کسانوں کے قرض معاف کیے تھے ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس کی حکومت بننے پر کسانوں کے قرضے معاف کیے جائیں گے ۔مسٹرکمل ناتھ کے اس بیان کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی طرف سے دیر رات جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مسٹرکمل ناتھ ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں اور بتائیں کہ 10 دنوں میں قرض کیوں معاف نہیں کیا گیا۔دراصل ریاست میں اسمبلی انتخابات میں ایک سال سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ۔ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس پہلے ہی انتخابی تیاریوں میں مصروف ہیں۔