دھرم شالہ، 13مئی (یواین آئی) انڈین پریمیئر لیگ2026 کے ایک انتہائی اہم مقابلے میں کل جمعرات کو پنجاب کنگزکا سامنا ممبئی انڈینز سے ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پنجاب کے لیے یہ میچ پلے آف کی دوڑ میں باقی رہنے کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے ، جبکہ ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ممبئی انڈینز محض اپنی ساکھ بچانے اور دوسری ٹیموں کا کھیل بگڑانے کی نیت سے میدان میں اترے گی۔ پنجاب کنگز نے سیزن کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا تھا اور اپنے ابتدائی سات میچوں میں ناقابلِ شکست رہی تھی۔ تاہم، مسلسل چار شکستوں نے ٹیم کا موقف کمزورکر دیا ہے اور وہ اس وقت13 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پرکھسک گئی ہے ۔پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ اب بھی ٹورنمنٹ کی خطرناک ترین بیٹنگ لائن اپس میں سے ایک ہے ۔ اوپنر پرینش آریہ اور پربھسمرن سنگھ کی برق رفتار شروعات کے ساتھ ساتھ کپتان شریس ایر اورکوپرکونولی مڈل آرڈرکو استحکام فراہم کررہے ہیں۔ بولنگ شعبہ پنجاب کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے ۔ ارش دیپ سنگھ کی کوششوں کے باوجود ٹیم بڑے اسکورکا دفاع کرنے میں ناکام رہی ہے ، جس کی بڑی وجہ معاون بولروں کا بے دریغ رنز لٹانا ہے ۔پانچ بارکی چمپئن ممبئی انڈینز6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے اور پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے ۔ لیکن حالیہ میچوں میں ان کے کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ تجربہ کار اوپنر روہت شرما اپنی پرانی فارم میں واپس آچکے ہیں اورگزشتہ دو میچوں میں200 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کر رہے ہیں۔ جنوبی افریقی وکٹ کیپر ریان رکلٹن سیزن کے کامیاب ترین بیٹر رہے ہیں، جبکہ مڈل آرڈر میں تلک ورما اور نمن دھیر نے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ ممبئی کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ ان کی بولنگ میں عدم استحکام ہے ۔ یہاں تک کہ اسٹار بولر جسپریت بمراہ بھی اس سیزن میں اپنی جادوئی بولنگ کا مظاہرہ نہیں کرسکے ہیں۔ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ میں پنجاب کا پلہ بھاری ہے ، جس نے گزشتہ چار میں سے تین میچوں میں ممبئی کو شکست دی ہے ۔ دھرم شالہ کی پچ بیٹرس کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے اور صاف موسم میں یہاں ایک ہائی اسکورنگ میچ کی توقع ہے ۔پنجاب کے لیے یہ میچ بقاکی جنگ ہے ، جبکہ ممبئی کے لیے یہ عزتِ نفس کا مسئلہ ہے ۔ اگر پنجاب یہ میچ ہارتی ہے تو اس کا پلے آف کا سفر دشوار ہو جائے گا، جبکہ ممبئی کی جیت ٹورنمنٹ کے پوائنٹس ٹیبل میں بڑی الٹ پھیرکر سکتی ہے ۔