واشنگٹن : امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی کو بنیاد بناتے ہوئے نیویارک کے ریاستی جج سے اپنے خلاف ہش منی کیس خارج کرنے کی درخواست کی ہے۔روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ فوجداری مقدمے میں انہیں قصوروار نہ ٹھہرایا جائے۔ٹرمپ کو 2016 کے صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش میں ایک پورن اسٹار کو خاموش رہنے کے عوض رقم کی ادائیگی پر جرم کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔نومنتخب صدر کو پورن اسٹار سٹورمی ڈینیئل کو رقم دینے سمیت مالی لین دین سے متعلق 34 الزامات کا سامنا ہے جسے ’ہش منی کیس‘ کہا جاتا ہے۔اگرچہ سزا صدارت کے فرائض انجام دینے کی ان کی اہلیت میں رْکاوٹ بن سکتی تھی تاہم، 5نومبر کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت نے جیل یا پروبیشن کی صورت میں سزا کے امکان کو سیاسی طور پر اور بھی زیادہ پیچیدہ اور ناقابلِ عمل بنا دیا ہے۔مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ کے دفتر کے استغاثہ نے سزا میں تاخیر کی حمایت کی ہے تاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو مقدمہ خارج کرنے کے لیے اپنا کیس بنانے کا موقع دے سکیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس (اپیل) کی مخالفت کریں گے۔استغاثہ کے پاس جواب دینے کے لیے 9 دسمبر تک کا وقت ہے۔