لاٹھی چارج اور مظالم کے باوجود مرکزی حکومت کو پیچھے ہٹنا پڑا
حیدرآباد۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر و سابقہ وزیر ٹی سرینواس یادو نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفی کو جمہوریت، طلبہ اور نوجوانوں کے اتحاد کی تاریخی فتح قرار دیا۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس پارٹی طلبہ اور نوجوانوں کی جانب سے ملک بھر میں کی گئی جدوجہد کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک نے دیکھا ہے کہ نوجوانوں نے ایک متحد تحریک چلاکر مرکزی حکومت کو اپنے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کیا۔ پولیس کے مظالم ڈھائے گئے ہوں یا تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہو آخر کار مرکز کو جھکنا ہی پڑا۔ طلبہ پر پورے ملک کو فخر ہے۔ جو لوگ اپنی مرضی کے مطابق بیانات دے رہے تھے انہیں طلبہ نے انقلاب زندہ باد اور بھارت ماتا کی جئے کے نعروں سے جواب دیا ہے۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی ہمیشہ طلبہ اور نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایک دن قبل کے ٹی آر نے اندرا پارک پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کے احتجاج کی مکمل حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت گذر گیا جب جو من مانی چلائی جاتی تھی، اب حالات بدل گئے ہیں، مرکزی اور ریاستی دونوں حکومتوں کو اب محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ نئی نسل اور نوجوانوں کی سوچ بدل چکی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ انتخابات کے دوران جو منشور جاری کیا گیا تھا اس پر عمل آوری کریں ورنہ ان کا تختہ الٹنے میں دیر نہیں لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں کے اس احتجاج نے پارلیمنٹ اور اقتدار کے دروازے ہلاکر رکھ دیئے اور یہ جمہوری تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے۔ 2؍F