پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ دوباک میں انتخابی دھاندلیوں کی تیاریاں

   

الیکشن کمیشن سے کانگریس کی شکایت، بی جے پی و ٹی آر ایس پر رقومات تقسیم کرنے کا الزام
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے دوباک کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی جانب سے پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ انتخابی دھاندلیوں کی تیاری کا الزام عائد کیا ۔ اس کے علاوہ دولت اور شراب کی تقسیم کے ذریعہ رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی شکایت کی گئی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، صدرنشین الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی ایم ششی دھر ریڈی اور کنوینر جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورہ کو دو علحدہ مکتوب روانہ کئے ہیں۔ کانگریس نے شکایت کی کہ پوسٹل بیالٹ کے نام پر ٹی آر ایس کے قائدین اور کارکن پہلے سے رائے دہندوں کی فہرست حاصل کرر ہے ہیں۔ تاکہ انہیں ٹی آر ایس کے حق میں استعمال کیا جاسکے۔ دوباک کے کئی مواضعات میں عہدیداروں کی ٹیموں نے دورہ کرتے ہوئے ضعیف العمر افراد اور پوسٹل بیالٹ کے مستحق رائے دہندوں کی تفصیلات حاصل کی ہے۔ کانگریس نے اس معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ انتخابی دھاندلی پر روک لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس دوباک میں دولت اور شراب کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ حالیہ عرصہ میں بی جے پی اور ٹی آر ایس کی جانب سے تقسیم کی جانے والی بھاری رقم ضبط کی گئی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے وزیر فینانس ہریش راؤ کی جانب سے کانگریس قائد کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے کیلئے رقم کی پیشکش کی شکایت کی تھی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین کے خلاف مقدمات درج کریں۔