پوسٹنگ کے بغیر ملازمین کو تنخواہیں عوامی رقومات کا زیاں

   

تلنگانہ ہائی کورٹ کا ریمارک، چیف سکریٹری سومیش کمار کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کہا کہ ڈیوٹی کے بغیر تنخواہوں کی ادائیگی دراصل سرکاری خزانہ کا زیاں ہے۔ حکومت کے بعض محکمہ جات میں ملازمین کو پوسٹنگ نہ دیئے جانے کے مسئلہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ پوسٹنگ کے مسئلہ پر ایک ملازم کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی چیف جسٹس ستیش چندر شرما کی زیر قیادت بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ ڈیوٹی کے بغیر تنخواہوں کی ادائیگی ناقابل فہم ہے۔ درخواست گذار نے شکایت کی کہ پوسٹنگ کے بغیر کئی ملازمین کو حکومت باقاعدگی سے تنخواہیں جاری کررہی ہے۔ چیف جسٹس نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو اس سلسلہ میں بروقت جوابی حلفنامہ داخل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر حلفنامہ داخل نہیں کیا گیا تو چیف جسٹس کو 14 مارچ کو شخصی طور پر عدالت میں حاضر ہونا چاہیئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی اور وہ بھی کسی کام کے بغیر عدالت کی نظر میں عوامی رقومات کا زیاں ہے۔ عدالت نے پوسٹنگ کے بغیر ویٹنگ میں ملازمین و عہدیداروں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آئندہ سماعت 14 مارچ کو ہوگی۔ر