پولنگ اسٹیشن کے اطراف 100 میٹر کا دائرہ ، صرف ووٹرز کو داخلہ :الیکشن کمیشن

   

کولکاتہ، 18 اپریل (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں ہر پولنگ اسٹیشن کے چاروں جانب 100 میٹر کا حفاظتی گھیراؤ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس حصے میں صرف ووٹرز کو ہی جانے کی اجازت ہو۔ کمیشن کے ایک سینئر افسر نے آج معلومات فراہم کیں۔ گزشتہ انتخابات کے برعکس اس بار بوتھ لیول افسران (بی ایل او) اور دیگر پولنگ افسران اس مقررہ گھیرے کے باہر تعینات رہیں گے تاکہ وہ اپنے فرائض انجام دے سکیں، جن میں ووٹروں کے شناختی کارڈ کی جانچ بھی شامل ہے ۔ اس گھیرے کے اندر جانچ کا ایک اور مرحلہ رکھا جائے گا جہاں ووٹ ڈالنے سے پہلے ووٹروں کو مخصوص میزوں پر اپنے دستاویزات کی دوبارہ تصدیق کرانی ہوگی۔ اس کثیر مرحلہ جاتی عمل کا مقصد فرضی ووٹنگ اور کسی دوسرے کے نام پر ووٹ ڈالنے کو روکنا ہے ۔ الیکشن کمیشن ووٹنگ عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے مختلف سطحوں پر نگرانی کے مزید انتظامات کر رہا ہے ۔ ان حفاظتی اقدامات کے ساتھ ووٹروں کی شناخت اور ان کی شرکت کو آسان بنانے ووٹر سلپس کی تقسیم سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مغربی بنگال انتخابات کے پہلے مرحلے میں 23 اپریل کو 152 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی جب کہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 29 اپریل کو ہوگی جس میں 294 رکنی اسمبلی کی باقی 142 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔