تلنگانہ ہائی کورٹ کا عبوری حکمنامہ ، وارڈ کے کسی بھی رائے دہندہ کو پولنگ ایجنٹ بنانے کی ہدایت
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ پولنگ ایجنٹس کے انتخاب کے سلسلہ میں متعلقہ وارڈ کے رائے دہندے ہونے کو قبول کیا جائے اور متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے رائے دہندہ ہونے کی شرط پر اصرار نہ کیا جائے۔ جسٹس ابھیشک ریڈی نے کہا کہ امیدواروں کیلئے اپنے پولنگ ایجنٹس کے تقرر کے سلسلہ میں متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے رائے دہندے کی شرط عائد کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارڈ میں اگر کوئی شخص رائے دہندہ ہے تو وہ پولنگ ایجنٹ بننے کی اہلیت رکھتا ہے۔ جسٹس ابھیشک ریڈی نے گھانسی بازار کی آزاد امیدوار سنیتا کی درخواست پر عبوری احکامات جاری کئے۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ امیدوار کے حامی وارڈ کے تمام علاقوں میں رہتے ہیں اور ان میں سے کسی کو بھی پولنگ ایجنٹ کے طور پر مقرر کرنے کی اجازت دی جانی چاہیئے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور الیکشن کمیشن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں میں موجود پولنگ ایجنٹس کیلئے اپنے علاقہ کے رائے دہندوں کی نشاندہی کرنا آسان ہوگا لہذا مقامی رائے دہندہ کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا جائے۔ جسٹس ابھیشک ریڈی نے کہا کہ اگر کسی امیدوار کو پولنگ اسٹیشن کا رائے دہندہ ملنے میں دشواری ہو تو وارڈ کے کسی بھی رائے دہندہ کو پولنگ ایجنٹ مقرر کرنے کا اختیار دیا جانا چاہیئے۔ لنگر حوض ڈیویژن کی ایک امیدوار نے ہائی کورٹ میں اسی طرح کی درخواست دائر کی۔