ڈی جی پی کا آئی جی کو تحقیقات ‘ انسپکٹر و سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کا حکم
حیدرآباد 18 فروری ( سیاست نیوز ) میدک پولیس کی اذیت رسانی اور پولیس تحویل میں زخمی قدیر خاں کی موت کا ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ ڈی جی پی انجنی کمار نے انسپکٹر جنرل پولیس چندر شیکھر ریڈی کو تحقیقات کا حکم دیا اور سینئیر پولیس عہدیدار ضلع کاماریڈی سے تحقیقات کروانے اور نگرانی کا آئی جی پی کو حکم جاری کیا ہے ۔ ساتھ ہی واقعہ میں ملوث انسپکٹر اور سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کے احکام جاری کئے ۔ یاد رہے کہ 5 دن پولیس تحویل میں ظلم و زیادتی کا شکار قدیر خاں کل گاندھی ہاسپٹل میں علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس کی مار پیٹ اور ظلم و زیادتی کے سبب قدیر خاں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں اور گردے ناکارہ ہوگئے تھے ۔ قدیر کو 5 دن میدک پولیس نے غیر انسانی مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور جیسے ہی قدیر کی حالت بگڑ گئی اس کو چھوڑ دیا گیا ۔ سب انسپکٹر راج شیکھر اور دو کانسٹبل پرشانت اور پون نے قدیر پر ظلم و زیادتی کی تھی ۔ عبدالقدیر کو موت کے بعد انسانی حقوق تنظیموں اور ایم بی ٹی نے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ۔ مرحوم کے افراد خاندان کو 25 لاکھ روپئے معاوضہ ‘ بیوہ کو سرکاری ملازمت و ایس پی میدک کو معطل کرنے اور سب انسپکٹر اور دو کانسٹبل کو برطرف کرکے قتل کا مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ڈی جی پی نے واقعہ کا سخت نوٹ لے کر واقعہ کی تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے ۔ع