نئی دہلی: قومی انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) ارون کمار مشرا نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران لوگوں کے انسانی حقوق کا خاص خیال رکھنا چاہئے ۔ منگل کو کمیشن کی ایک ریلیز کے مطابق، جسٹس مشرا یہاں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پولیس تنظیموں کے افسران کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کے موضوع پرمنعقدہ ‘ٹریننگ آف دی ٹرینرز’ پروگرام کا افتتاح کر رہے تھے ۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا انعقاد ہے جو پانچ روز تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اہلکار امن و امان اور فوجداری نظام انصاف کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے ان پر ہمیشہ اچھی کارکردگی کا دباؤ رہتا ہے ۔ اپنے فرائض کی ادائیگی میں انہیں انسانی حقوق کو سب سے زیادہ اہمیت دینی ہوگی۔ ملزمان کے بھی انسانی حقوق ہیں جن کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انٹرنیٹ سے چلنے والے ڈارک ویب، ای کامرس فراڈ، ڈیٹا ہیکنگ، اسمگلنگ وغیرہ سے درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے جسٹس مشرا نے کہا کہ قانون توڑنے والے محققین سے زیادہ ترقی یافتہ ہیں۔
ان جرائم کی روک تھام کے لیے ٹھوس طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔