پولیس ملازم کا جان لیوا حملہ ،زخمی وزیر صحت جانبر نہ ہوسکے

   

اوڈیشہ میں افسوسناک واقعہ، حملہ آور دماغی عارضہ پر زیرعلاج ہے

بھونیشور : اوڈیشہ کے وزیر صحت نابا کشور داس جن پر پولیس جوان نے جان لیوا حملہ کیا، بھونیشور کے اپولو ہاسپٹل میں وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ اتوار کی دوپہر محکمہ پولیس کے اے ایس آئی نے وزیرصحت پر گولی چلائی تھی۔ اس واقعہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ فوری انہیں ہوائی جہاز سے بھونیشور لے جایا گیا جہاں چیف منسٹر نوین پٹنائک بھی ان کی حالت دریافت کرنے پہنچے۔یہ واقعہ اڈیشہ کے جھارسوگوڑا ضلع میں پیش آیا جہاں ایک اے ایس آئی نے اتوار کو ریاست کے وزیر صحت اور خاندانی بہبود نابا کشور داس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے برجراج نگر قصبے میں دوپہر ایک بجے کے قریب پیش آیا جب داس ایک میٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔ جیسے ہی داس نیچے گاڑی کی اگلی سیٹ پر بیٹھے، اے ایس آئی نے سینے میں دو گولیاں ماریں۔ خون میں لت پت داس گاڑی کے قریب گرے۔عینی شاہد ایڈوکیٹ رام موہن راؤ نے بتایا کہ وزیرصحت اس پروگرام میں مہمان خصوصی تھے۔ جب وہ پہنچے تو ہجوم ان کے استقبال کیلئے جمع ہوگیا۔ پھر کسی نے ان پر گولی چلا دی۔ ہم نے دیکھا کہ ایک پولیس اہلکار فائرنگ کے بعد بھاگ رہا ہے۔وزیر پر گولی چلانے والا اے ایس آئی گوپال داس دماغی طور پر بیمار ہے جس کے لیے وہ 7،8 سال سے زیر علاج ہے۔ گوپال کی بیوی جینتی کا کہنا ہیکہ گوپال دوا لینے کے بعد ہی نارمل رہتا ہے۔ میری بیٹی اور میں نے اتوار کی صبح ویڈیو کال کی۔ اس کے بعد کوئی بات نہیں ہوئی۔