پولیس میں تقررات ، درمیانی آدمی کے جھانسہ میں نہ آئیں

   

امیدواروں کو ضلع ایس پی کا مشورہ ، محبوب نگر میں فزیکل ٹسٹ کے تمام انتظامات مکمل

محبوب نگر ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس کانسٹبلس کی بھرتی کے ضمن میں فزیکل ٹسٹ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ منگل کے دن ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائی۔ 8 ڈسمبر تا 3 جنوری منعقد شدنی فزیکل ٹسٹ میں 23,747 امیدوار جس میں 19,504 مرد، 4,243 خواتین ہیں، کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ ٹسٹ کئے جائیں گے۔ ریڈیو فریکوینسی آئیڈٹنٹی سسٹم کے ذریعہ ٹسٹ روزانہ صبح 5 بجے سے ہوں گے۔ انہی اوقات میں امیدواروں کو اندر آنے کی اجازت ہوگی۔ فزیکل ٹسٹ کیلئے آنے والے امیدوار اپنے ساتھ ایڈمیشن کارڈ، انٹیمیشن لیٹر، خود کی دستخط شدہ 2 فوٹوز (پاسپورٹ سائز) اور درخواست فارم اپنے ساتھ لائیں۔ کاسٹ سرٹیفکیٹ کی زیراکس اور اگر ملٹری میں کام کئے ہوں تو اس کا صداقت نامہ بھی ساتھ لانا ہوگا۔ سی سی کیمرے میں ٹسٹ منعقد ہوں گے۔ اگر کوئی مجوزہ تاریخ پر حاضر نہ ہوسکنے کا اندیشہ ہو تو چار روز قبل مطلع کرنا ہوگا۔ ٹسٹ کے وقت میدان میں موبائیل فون اور زیورات لانے پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کیلئے درمیانی آدمیوں کے جھانسہ میں نہ آئیں، بصورت دیگر کریمنل کیسیس درج کئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی راملو ڈی ایس پیز مہیسن سرینواسلو ، لکشمن و دیگر موجود تھے۔