عوام کو انصاف کی فراہمی پولیس کی ذمہ داری۔ دیاکر راؤ
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے پولیس سے خواہش کی کہ وہ عوام کو انصاف رسانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ عوامی نمائندے پولیس کی کارکردگی میں کوئی مداخلت نہیں کریں گے۔ وزیر پنچایت راج ورنگل پولیس کمشنریٹ کے تحت نئے پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ میں امن و ضبط پر غیر معمولی کنٹرول کیا گیا ہے اور پولیس اسٹیشنوں میں عصری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ پولیس ڈپارٹمنٹ کیلئے حکومت کی جانب سے حال ہی میں نئی عصری گاڑیوں کی فراہمی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر پنچایت راج نے کہا کہ آپ کو عوام کیلئے کام کرنا چاہیئے تاکہ انہیں انصاف حاصل ہو۔ وزیر پنچایت راج نے لینڈ گرابرس اور مجرمین کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا مشورہ دیا۔ ہر پولیس اسٹیشن کو ایک نئی کار اور فیول کے اخراجات کے طور پر 20 تا 50 ہزار روپئے ماہانہ فراہم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کا یہ کارنامہ ہے۔ ہوم گارڈز کی تنخواہوں کو 12 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار کردیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس ورنگل اے وی رنگناتھ نے کہا کہ کمشنر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد یہ پہلے پولیس اسٹیشن کا افتتاح ہے۔ر