ترواننت پورم: کیرالہ پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ کمانڈو وینیتھ نے مالاپورم کے اریکوڈ پولیس کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود کوگولی مارکر خودکشی کر لی۔ ذرائع کے مطابق وینیتھ مسلسل 45 دنوں سے ڈیوٹی پرتھا اور انہوں نے اپنی حاملہ بیوی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے رخصت کی درخواست دی تھی، لیکن اعلیٰ حکام نے رخصت منظور کرنے سے انکارکردیا۔ شدید ذہنی دباؤ برداشت نہ کرتے ہوئے پولیس عہدیدار نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ گزشتہ چند سالوں میں کام کے دباؤ کی وجہ سے کیرالہ پولیس کے کئی عہدیدار خودکشی کرچکے ہیں۔ غیر سرکاری اعداد و شمارکے مطابق تقریباً 90 پولیس عہدیداروں نے خودکشی کی ہے۔ پولیس فورس میں 14,000 عہدیدارکی کمی مشکلات کے باعث موجودہ عہدیدار پرکام کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔