وائرس :8نومبر ( یو این آئی ) جنوبی پولینڈ کے شہر کراکوف کے مرکزی چوک میں ایک کار سے اندھا دھند فائرنگ کرنے والے مسلح شخص نے 9 افراد کو ہلاک اور 15 کو زخمی کردیا۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے فائرنگ کر کے مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔واقعہ میں زخمی ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو مسلح شخص کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے فوجی طرز کے کپڑے پہن رکھے تھے اور اس کے پاس فوجی طرز کے ہتھیار موجود تھے۔پولیس نے بتایا کہ مبینہ حملہ آور 24 سالہ پولش شہری ہے۔ پولیس نے فی الحال فائرنگ کے اس واقعے کے محرکات کا ذکر نہیں کیا۔پولیس کے مطابق انہیں مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 3 بجے یہ اطلاعات ملنا شروع ہوئیں کہ ایک حملہ آور نے کار سے فائرنگ شروع کر دی ہے اور وہ لوگوں پر اندھا دھند گولیاں برسا رہا ہے۔مقامی پولیس کی ترجمان نے بتایا کہ ’حملہ آور نے فوجی طرز کے کپڑے پہن رکھے تھے اور فوجی ہتھیار استعمال کیے۔ اس کی گاڑی سے متعدد ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے‘۔