پومپیو اور عبدالمہدی کی ایران کے حملوں پر گفت و شنید :وزارت خارجہ

   

واشنگٹن، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے فون پر بات کر کے ایران کی جانب سے امریکہ کے دو فضائی اڈوں پر کئے گئے میزائل حملے کے بارے میں بات چیت کی ۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مورگن اورٹیگس نے بیان جاری کر کے اس کی اطلاع دی ۔مسٹر اورٹیگس نے بیان میں کہا‘‘ مسٹر پومپیو نے عراق میں ایران کی جانب سے گذشتہ سات جنوری کو عراق میں واقع دو فضائی اڈوں پر کئے گئے بیلسٹک میزائل حملے پر بات چیت کی ’’۔بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے کہا کہ امریکہ اپنے اور عراق کے مفادات کے تحفظ کے لئے تمام ضروری قدم اٹھائے گا ’’ ۔ واضح رہے کہ گذشتہ چہارشنبہ کو ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے مقصدسے عراق میں واقع امریکہ کے دو فضائی اڈوں پر میزائل سے حملہ کیا تھا ۔ تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا ۔