پٹنہ میںجَن وشواس ریالی‘ لاکھوں افراد کا زبردست ہجوم

,

   

کھرگے، راہول، ڈی راجہ، سیتارام یچوری ،اکھلیش و دیگر کی شرکت
’’ مودی تم ہند و بھی نہیں ہو‘‘ : لالو پرسادیادو
انڈیا اتحاد کی حکومت بنائیں گے : راہول ،مودی کی گیارنٹیاں فیل : کھرگے

’اِدھر چلا میں اْدھر چلا، جانے کہاں میں کدھر چلا، پھسل گیا..‘
تیجسوی کا گانا گا کر نتیش کمار پر طنز

پٹنہ : بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں واقع گاندھی میدان میں آج مہاگٹھ بندھن کی ’جَن وشواس ریالی‘ منعقد ہوئی جس میں لاکھوں کی بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ اس ریالی میں آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی، سی پی آئی چیف ڈی راجہ، سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری، سیتارام یچوری اور سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو جیسے بڑے قائدین موجود تھے۔ اس دوران بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر زوردار انداز میں طنز کے تیر چلائے۔ انھوں نے لاکھوں لوگوں کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک گانا سنے ہیں آپ لوگ۔ رتک روشن کی فلم کا گانا ہے۔ اِدھر چلا میں اْدھر چلا، جانے کہاں میں کدھر چلا، ارے پھسل گیا…۔‘‘ یہ گانا گنگنانے کے بعد تیجسوی نے کہا ’’ارے چاچا جی، آپ بزرگ ہیں آپ کو یہیں سے ہاتھ جوڑ کر پرنام۔ لیکن ایک بات طے ہے۔ جنتا دل یو 2024 میں ختم ہو جائے گی۔ آپ اِدھر چلیے، اْدھر چلیے، آپ کا کچھ بچے گا ہی نہیں تو آپ پھسل جاؤ گے، کہیں کے نہیں رہو گے۔تیجسوی یادو نے ’جَن وشواس ریالی‘ سے خطاب کے دوران بہار میں آئے ملازمتوں کے سیلاب کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ مہاگٹھ بندھن حکومت کا نتیجہ ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ کان کھول کر سن لیجیے وزیر اعظم مودی جی، میرے والد نے ریلوے وزیر رہتے جتنا کام ریلوے کے فائدے کے لیے کیا، اتنا آج تک کوئی وزیر ریل نہیں کر پایا۔تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ آپ لوگ ساتھ دیجیے، آپ کے لیے ہم مر مٹنے کو تیار ہیں۔بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ لالو جی نے بی جے پی کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے اور نہ ہم ٹیکیں گے۔ بی جے پی میں جو جاتا ہے دودھ کا دھلا ہو جاتا ہے۔ تیجسوی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ ’’مودی جی آپ 10 سال میں کتنا کام کیے؟ یہ بتائیے۔ کل مودی جی کہہ رہے تھے مودی کی گارنٹی ہے۔ مودی جی کیا آپ نتیش کی گارنٹی لے سکتے ہیں کہ وہ پھر نہیں پلٹیں گے؟۔ملکارجن کھرگے نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیر اعظم مودی ملک کو برباد کرنے میں مصروف ہیں، اب وزیر اعظم مودی بی جے پی کی گارنٹی نہیں بولتے، بلکہ ’مودی کی گارنٹی‘ بولتے ہیں لیکن ان کی سبھی گیارنٹیاں فیل ہو گئی ہیں۔لالو پرساد نے کہا کہ ’’مودی کیا ہے، کیا چیز ہے؟ مودی کنبہ پروری پر بولتے ہیں، یہ بتاؤ مودی جی آپ کو اولاد کیوں نہیں ہوئی؟ تمھارے پاس فیملی ہے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی تم ہندو بھی نہیں ہے۔ کسی کی ماں مرتی ہے تو بیٹا اپنا بال چھلواتا ہے۔ جب تمھاری ماں کادیہانت ہوا تو تم (بال) کیوں نہیں چھلوائے؟ لالو پرساد کے اس بیان پر پورا مجمع تالیاں بجانے لگا اور اسٹیج پر بیٹھے لیڈران بھی مسکراتے دکھائی دیے۔راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ غلط فہمی میں نہ رہیں۔ ہم بی جے پی و آر ایس ایس سے نہیں ڈرتے۔ اس حکومت کو ہٹا کر دکھائیں گے اور انڈیا اتحاد کی حکومت بنائیں گے۔ اس موقع پر ’’بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ‘‘ کا نعرہ بھی دیا گیا۔