جنوری میں آندھرا پردیش میں جلسہ عام کا منصوبہ، کرناٹک میں جنتا دل سیکولر سے مفاہمت
مخالف بی جے پی اتحاد میں کانگریس قابل قبول
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اور نوقائم شدہ بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ پڑوسی ریاستوں میں پارٹی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی مساعی میں مصروف ہوچکے ہیں۔ کے سی آر کرناٹک، آندھرا پردیش، ٹاملناڈواور مہاراشٹرا کے مختلف قائدین سے ربط میں ہیں تاکہ بہت جلد ان ریاستوں میں بی آر ایس کو وسعت دیتے ہوئے عام جلسوں کو منعقد کیا جاسکے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بی آر ایس کی تلنگانہ کے باہر سرگرمیوں کا کے سی آر آندھرا پردیش سے آغاز کرنا چاہتے ہیںاور وہاں کے بعض تلگودیشم قائدین سے ربط میں ہیں جو سابق میں کے سی آر کے قریبی دوست رہ چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جنوری میں سنکرانتی فیسٹول سے قبل آندھرا پردیش میں جلسہ عام کا منصوبہ ہے۔ پارٹی کے بعض قائدین اور وزراء کو مہم کے سلسلہ میں آندھرا پردیش روانہ کیا جائے گا۔ وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو کا نام اس سلسلہ میں سرفہرست ہے جن کے آندھرا پردیش میں کئی طبقات سے روابط بتائے جاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے جن قائدین کی ضرورت پڑے گی ان میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین بھی شامل ہیں جن سے مذاکرات ابتدائی مرحلہ میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش، کرناٹک، ٹاملناڈو اور مہاراشٹرا میں انتخابی میدان میں امیدواروں کو کھڑا کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ہم خیال جماعتوں سے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر روزانہ مختلف پارٹیوں کے قائدین سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے ملک میں بی جے پی کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی ضرورت سے واقف کرارہے ہیں۔ کے سی آر چاہتے ہیں کہ قومی سطح پر متحدہ محاذ تشکیل دیا جائے اور اگر اس میں کانگریس شامل رہتی ہے تب بھی کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ بائیں بازو جماعتوں اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کے سی آر پر واضح کردیا ہے کہ کانگریس کے بغیر قومی محاذ کی تشکیل بے فیض رہے گی۔ مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے چیف منسٹرس کے علاوہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بھی بی جے پی کے خلاف محاذ میں کانگریس کی موجودگی کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر نے کرناٹک میں جنتا دل سیکولر سے مفاہمت کے ذریعہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے پر کمارا سوامی سے بات چیت کی ہے۔ کمارا سوامی نے بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے بی آر ایس سے انتخابی مفاہمت سے اتفاق کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر نئی پارٹی کیلئے دلت، پسماندہ طبقات، قبائیل اور دیگر کمزور طبقات پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے بی آر ایس کے سیاسی ایجنڈہ کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے اور آئندہ الیکشن اب کی بار کسان سرکار کے نعرہ پر لڑا جائے گا۔ر