پکوان میں مہارت کیلئے خواتین کو سنہری موقع

,

   

سیاست فریڈم کوکری کلاسس کا 25 جون کو مینار گارڈن میں انعقاد، کوئیز کے جوابات پر تحائف کی پیشکشی

حیدرآباد ۔ 19۔جون (سیاست نیوز) پکوان میں مہارت ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ سماج میں ایسی خواتین کو نمایاں مقام حاصل ہوتا ہے جو بہتر پکوان جانتی ہیں، جن کے ہاتھ سے لذیذ اور پسندیدہ ڈشیس کی تیاری کو دوسری خواتین اپنے لئے مثال تصور کرتی ہیں۔ حیدرآبادی پکوان اور حیدرآبادی ڈشس کی دھوم دنیا بھر میں ہے اور عالمی شخصیتیں جب ہندوستان کے دورہ پر آتی ہیں تو انہیں دہلی میں حیدرآبادی ڈشس پیش کرتے ہوئے تواضع کی جاتی ہے۔ نظام دور حکومت سے لذیذ اور روایتی پکوان کی تیاری اور اسے مہمانوں کیلئے پیش کرنے کی اس روایت میں دنیا بھر میں حیدرآباد کی منفرد شناخت بنائی ہے۔ موجودہ ترقی یافتہ دور میں وقت کی کمی کے باعث خاندانوں میں تیار شدہ غذاؤں کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوچکا ہے۔ تیار شدہ باہر کی غذائیں صحت پر اثر انداز ہورہی ہیں۔ روزنامہ سیاست نے حیدرآباد کی خواتین کو اپنے روایتی ڈشس سے دوبارہ متعارف کرانے کا بیڑہ اٹھایا ہے اس سلسلہ میں فریڈم کے اشتراک سے کوکری کلاسس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ تاحال 11 کلاسس کا اہتمام کیا گیا جن میں حیدرآباد کے روایتی پکوانوں کے علاوہ موجودہ دور میں شہرت یافتہ ڈشس کی تیاری کی تربیت دی جارہی ہے۔ ان کلاسس سے تاحال ہزاروں خواتین نے نہ صرف استفادہ کیا بلکہ اپنے خاندان کی لڑکیوں کو پکوان کی تربیت دی ۔ کسی بھی خاندان میں ایسی خواتین کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جو ہر کسی کے لئے بہتر اور لذیذ ڈشس کی تیاری میں مہارت رکھتی ہیں۔ جب کبھی کسی اچھے ڈش کا خیال آئے تو ہر کوئی اس ماہر خاتون کی منت سماجت کرنے لگتے ہیں۔ روزنامہ سیاست نے حیدرآباد کی خواتین کیلئے تربیتی کلاسس کے علاوہ پکوان کے مقابلوں کا اہتمام کیا جس میں خواتین اپنے گھر سے تیار شدہ ڈشس کے ساتھ حصہ لیتے ہیں اور ماہر شیف ڈشس کیلئے انعامات کا اعلان کرتے ہیں۔ سیاست فریڈم کوکری کلاس 25 جون کو مینار گارڈن نیا پل میں منعقد ہوگی۔ صبح 10 تا دوپہر 2 بجے ماہر شیف پونیت مہتا مختلف ڈشس کی تیاری کا عملی مظاہرہ کریں گے۔ ایک روزہ فری کلاس میں کوئیز کے جوابات دینے پر تحائف دیئے جائیں گے۔ خواہشمند خواتین اور طالبات مفت رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ نام ، عمر ، علاقہ اور قابلیت کی تفصیلات کے ساتھ واٹس ایپ یا ایس ایم ایس کیا جاسکتا ہے ۔ فون نمبر 8919493509۔