حیدرآباد 15 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) کاماریڈی ضلع کے راما ریڈی منڈل کے گھن پور جنگلاتی علاقہ میں ایک شخص کو 43 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد پہاڑ کی چٹانوں کے درمیان سے بحفاظت بچالیا گیا ۔ اس شخص کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔ اس کے ہاتھ پر معمولی زخم آئے ہیں ۔ تفصیلات کے بموجب 36 سالہ شادا راجو اپنے دوست مہیش کے ساتھ گھن پور جنگاتی علاقہ میں منگل کو جنگلی جانوروں کے شکار کیلئے گیا تھا ۔ جب وہ پہاڑیوں سے گدر رہے تھے اس کا فون اتفاقی طور پر گرگیا اور جب اس شخص نے فون نکالنے کی کوشش کی وہ خود بھی پھسل گیا اور دو پتھروں کے درمیان چھوٹی سے جگہ میں پھنس گیا ۔ وہ منگل کی شام سے اس میں پھنسا ہوا تھا ۔ مہیش رات بھر اس کے ساتھ رہا اور کئی طرح کی کوششوں کے بعد بھی وہ باہر نہیں نکل پایا ۔ جب حالات پر اس کا کوئی قابو نہیں رہا تو اس نے گاوں والوں کو اطلاع دی جنہوں نے راجو کے افراد خاندان کے ساتھ اسے نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے ۔ چہارشنبہ کی دوپہر پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے ریوینیو ‘ جنگلات اور فائر سرویس عملہ کے ساتھ مسلسل کوشش کے بعد جمعرات کی شام اسے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی ۔ جے سی بی کا بھی استعمال کیا گیا ۔ راجو کو یہاںسے نکالنے کے بعد فوری کاما ریڈی دواخانہ منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔