پہلگام حملہ کے بعد ملک کو اندرا گاندھی جیسے وزیراعظم کی ضرورت : ریونت ریڈی

   

پاکستان کو دو ٹکڑے کرنے کا کارنامہ، ہر غریب خاندان کو باریک چاول، محبوب نگر کے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل، ناگر کرنول میں جلسہ عام سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محبوب نگر ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ایک دور وہ تھا جب محبوب نگر کے عوام کو لیبر کے طور پر دیگر علاقوں میں پراجکٹس کی تعمیر کیلئے طلب کیا جاتا تھا لیکن کانگریس حکومت نے محبوب نگر کے تمام زیر التواء آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر آج ناگر کرنول ضلع ک امر آباد منڈل کے نلا ملا علاقہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ قبائلی آبادی پر مشتمل یہ علاقہ سابق میں ماؤسٹوں کے زیر اثر تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ انتہائی پسماندہ نلا ملا علاقہ کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آبپاشی سہولتوں میں اضافہ کیلئے نئی اسکیم متعارف کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نلا ملا کے نام سے پسماندہ علاقہ کا تصور ذہن میں اٹھتا ہے۔ سیاسی قائدین عوام کو ترقی کے وعدے کرنے کے بعد پورا کرنے میں ناکام رہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے نلا ملا کے عوام سے خطاب کو باعث فخر تصور کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہوتا ہے کہ پالمور اور نلا ملا علاقہ کا باشندہ ہوں۔ اس علاقہ نے کانگریس پارٹی کو کامیاب کیا ہے، لہذا عوام کا قرض ترقی کے ذریعہ اتارا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندرون 100 دن اچم پیٹ اسمبلی حلقہ سے سولار پمپ سیٹس کی سربراہی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گریجن خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کیلئے شلپا رامم کے قریب اسٹالس قائم کئے گئے ہیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ غریب خاندانوں کو راشن کارڈ پر باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ میں نے خود استفادہ کنندگان کے گھر پہنچ کر باریک چاول سے تیار کردہ غذا کو نوشت کیا ہے۔ ہر غریب خاندان کو باریک چاول سربراہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی پر 60,000 کروڑ خرچ کئے گئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گرد حملہ کے بعد عوام کا یہ احساس ہے کہ آج ملک کو اندرا گاندھی جیسے وزیراعظم کی ضرورت ہے ۔ اندرا گاندھی نے سابق میں پاکستان سے جنگ کرتے ہوئے اسے 2 حصوں میں تقسیم کردیا تھا ۔ 50 سال کے بعد بھی آج عوام اندرا گاندھی کو یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آزادی کانگریس نے دلائی ہے۔ غریبوں کو اراضی کی فراہمی کانگریس کا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر قبائلی کے دل میں اندرا گاندھی کا احترام ہے۔ چیف منسٹر کہا کہ سولار پمپ سیٹس کی سربراہی کا مقصد کسانوں کو برقی کے اضافی بوجھ سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اغراض کے لئے برقی کے استعمال کے بعد اضافی برقی کو کسان حکومت کو فروخت کرسکتے ہیں جسے انہیں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے قبائل اور کسانوں کی بھلائی کیلئے شروع کی گئی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ کانگریس نے جو وعدے کئے تھے، ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے زرعی شعبہ کو نظر انداز کردیا تھا لیکن کانگریس نے اس شعبہ کو ترجیح دی ہے۔ چیف منسٹر نے عوام سے سوال کیا کہ کیا وہ حکومت کی جانب سے سربراہ کیا جانے والا باریک چاول استعمال کر رہے ہیں؟ جس کے جواب میں عوام نے کہا کہ وہ راشن شاپس کے چاول کا استعمال کر رہے ہیں۔ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ، دامودر راج نرسمہا ، اتم کمار ریڈی ، سریدھر بابو ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، پونم پربھاکر ، ٹی ناگیشور راؤ ، جوپلی کرشنا راؤ، ڈی انوسویا سیتکا ، کونڈا سریکھا ، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی کے علاوہ متحدہ محبوب نگر ضلع کے عوامی نمائندے شریک تھے ۔1