جے پور۔ 17 مئی (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد آج بھی ہم وطنوں کے ذہنوں میں دو سوال ہیں کہ حملہ کرنے والے دہشت گرد ابھی تک کیوں نہیں پکڑے گئے اور پہلگام میں ہونے والی کوتاہی کا ذمہ دار کس کو ٹھہرایا گیا؟ گہلوت نے ہفتہ کے روز اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کو تقریباً ایک مہینہ ہو گیا ہے ، لیکن ہم وطنوں کے ذہنوں میں اب بھی دو سوال ہیں – حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو اب تک کیوں نہیں پکڑا گیا؟ کیا جنگ بندی میں پاکستان سے دہشت گردوں کو ہندوستان کے حوالے کرنے کی کوئی شرط نہیں تھی؟ جب حکومت نے تسلیم کیا کہ پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ لاپرواہی کی وجہ سے ہوا ہے تو پھر لاپرواہی کے ذمہ داروں کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ پانچ سال گزرنے کے بعد بھی ملک کو نہیں معلوم کہ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی اور سینکڑوں کلو گرام آر ڈی ایکس وہاں کیسے پہنچا تھا؟