پہلگام حملے کیخلاف کانگریس کا ملک گیر کینڈل مارچ

   

نئی دہلی: کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی ایک ہنگامی میٹنگ میں جمعرات کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور اس کے خلاف کل ملک گیر کینڈل مارچ نکالنے کا فیصلہ کیا۔ سی ڈبلیو سی کی اس اہم میٹنگ کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ یہ حملہ پاکستان کی طرف سے منصوبہ بند حکمت عملی کا حصہ ہے اور ہماری قومی خودمختاری پر حملہ ہے ۔ یہ ہندوؤں کو نشانہ بنا کر اشتعال انگیزی کے مقصد سے حملہ ہے، جس میں امن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرین کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ 25 اپریل کو کانگریس اس دہشت گردانہ حملے کے خلاف ملک بھر میں کینڈل مارچ نکالے گی۔ واضح رہے کہ یوتھ کانگریس اور پارٹی کی اسٹوڈنٹ ونگ این ایس یو آئی نے چہارشنبہ کو اس حملے کے خلاف نئی دہلی کے رائسینا روڈ اور جے این یو میں کینڈل مارچ بھی نکالا۔

پہلگام حملہ: ڈومبیولی کے تین شہریوں کی ہلاکت پر شہر غم میں ڈوبا
ممبئی: پہلگام، جموں و کشمیر میں منگل کو پیش آئے دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد کی ہلاکت سے ڈومبیولی شہر کی فضا سوگوار ہو گئی ہے ، جہاں تین مقامی افراد بھی جان کی بازی ہار گئے ۔ ان ہلاک شدگان میں سنجے لیلے (52)، اتل مونے (44) اور ہیمنت جوشی (43) شامل ہیں، جو خاندان کے ہمراہ چھٹیوں پر کشمیر گئے تھے ۔ اس افسوسناک واقعے کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈومبیولی کے ایم ایل اے رویندر چوان نے جمعرات، 24 اپریل کو شہر بھر میں ’ڈومبیولی بند‘ کی اپیل کی ہے ۔ اس بند کو مقامی سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور کاروباری طبقے کی مکمل حمایت حاصل ہوئی ہے ۔ چوان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بند میں شرکت کر کے نہ صرف جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کریں بلکہ دہشت گردی کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ بھی کریں۔ ہزاروں افراد نے گزشتہ روز کو بھاگ شالہ گراؤنڈ میں تابوت وصول کرنے کے لیے شرکت کی۔
متاثرین کے خاندان پہلگام کی بیسران وادی کی سیر پر تھے کہ اچانک عسکریت پسندوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے ۔ اس حملے میں سنجے لیلے کا 20 سالہ بیٹا ہرشل لیلے بھی زخمی ہوا، جسے انگلی پر گولی لگی۔
واقعے کے بعد ڈومبیولی میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے غم زدہ خاندانوں سے ملاقات کے لیے شہر کا دورہ کیا، جہاں عوام نے “پاکستان مردہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ شہر میں کئی مقامات پر “پاکستان مردہ باد” کے بینرز بھی دیکھے گئے ، جن سے عوامی اشتعال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔