پیرس : فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے ایک مرکزی علاقہ میں جمعہ کو فائرنگ کے ایک واقعے میں تین افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کی تصدیق پیرس میں استغاثہ کے دفتر نے کی ہے۔ جمعہ 23 دسمبر کوپیرسکی ایک مرکزی ڈسٹرکٹ میں فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پیرس میں استغاثہ کے دفتر نے جمعہ کو واقعہ کے کچھ دیر بعد ایک بیان میں کہا کہ اس فائرنگ کے بعد گرفتار ہونے والا شخص ایک مقامی شہری ہے۔ فرانس انفارمیشن ریڈیو نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا 69 سالہ مبینہ حملہ آور ماضی میں دو بار قتل کی کوشش کرنے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ فرانسیسی اخبار ’لے پاریزیاں‘ کے مطابق یہ فرانسیسی شہری پہلے ایک مہاجر کیمپ پر حملہ کرچکا ہے۔