جڑچرلہ ۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جڑچرلہ میونسپلٹی کے عوام کو مسلسل پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متبادل انتظامات کا آج ضلع محبوب نگر ایڈیشنل کلکٹر مدھو سدن نائیک نے فیلڈ سطح پر معائنہ کیا ۔ انھوںنے میونسپل کمشنر کے ہمراہ مشن بھگیرتا کے تحت پانی کی سربراہی میں رکاوٹ پیدا ہونے کی صورت میں بعض وارڈوں کو پینے کے پانی فراہم کرنے کیلئے کئے گئے متبادل انتظامات اور پائپ لائنوں میں لیکیج کی مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ بورویلز کی بحالی اور پینے کے پانی کے پُرانے ذرائع کو دوبارہ استعمال میں لانے کے کاموں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر مدھو سدن نائیک نے ہدایت دی کہ زیرالتواء تمام کاموں کو جنگی خطوط پر مکمل طورپر جلد از جلد یقینی بنانے پر زور دیا ۔ اس موقع پر مجلس بلدیہ جڑچرلہ کے تمام اسٹاف و عہدیداران موجود تھے ۔