نئی دہلی ۔ 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ریزرو بینک کے گورنرشکتی کانتا داس نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے اسکام سے متاثرہ پی ایم سی بینک کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جارہی ہے جس کا آڈٹ کیا جارہا ہے ۔ پنجاب اینڈ مہاراشٹرا کوآٖریٹیو بینک ( پی ایم سی بینک) کا شمار ملک کے اُن 10 اربن کوآپریٹیو بینکوں میں ہوتا ہے جو آر بی آئی انتظامیہ کے تحت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انفراسٹرکچر کمپنی ایچ ڈی ٹی آئی کو رقم کی فراہمی کے باعث 4,355 کروڑ روپئے کی مبینہ بے قاعدگیوں کی اطلاع پر آر بی آئی نے اکاؤنٹ ہولڈرس کی جانب سے رقم نکالنے پر پابندی عائد کی ہے لیکن اب رقم منہائی کی حد میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ اسکام کے سلسلہ میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ڈپازیٹرس کی جانب سے بینک کے خلاف کئی مظاہرے کئے گئے اور اس صدمہ سے تقریباً 10ڈپازیٹرس کی موت بھی واقع ہوئی ہے ۔