چادر گھاٹ پولیس حدود میں قتل کی واردات

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چادر گھاٹ کے علاقہ میں آج رات ایک شخص کا قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جائیداد کے تنازعہ میں یہ سنگین واردات پیش آئی جس میں عبدالرحمن ان کے رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل کردیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق عبدالرحمن پر حملہ کے تعلق سے اس کے ہم زلف دستگیر پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ دونوں کا تعلق علاقہ ٹھگی جیل سے بتایا گیا ہے ۔ آج رات عبدالرحمن کو بات چیت کے بہانے صحیفہ مسجد علاقہ میں طلب کیا گیا تھا اور اس دوران اس پر قاتلانہ حملہ کردیا گیا ۔ شدید زخمی حالت میں عبدالرحمن کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ چادر گھاٹ پولیس نے احتیاطی طور پر علاقہ میں بھاری جمعیت کو تعینات کردیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔۔