حیدرآباد :۔ چار ماہ سے زیادہ عرصہ تک معمول کی خدمات فراہم کرنے سے دور رہنے کے بعد بھی گورنمنٹ نظامیہ ہاسپٹل ( یونانی ) میں ، جسے کورونا وائرس وباء کے پھوٹ پڑنے کے بعد کوارنٹائن سنٹر میں تبدیل کیا گیا تھا ، ہنوز عام خدمات شروع نہیں ہوئی ہیں ۔ اس دواخانہ پر انحصار کرنے والے عام مریضوں کو فالج کے علاج اور میٹرنٹی سروسیس کے لیے شریک دواخانہ نہیں کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ گذشتہ دو ہفتوں سے اس دواخانہ میں جسے عام طور پر چارمینار دواخانہ کہا جاتا ہے ، محکمہ آیوش کے حکم کے بعد آوٹ پیشنٹس کا چیک اپ شروع کیا گیا ہے لیکن اس میں ان پیشنٹس کے لیے خدمات دوبارہ شروع نہیں ہوئیں ۔ فالج سے متاثرہ بارکس کے علی بن عبدالرحیم نے کہا کہ ’ لاک ڈاؤن سے پہلے اس دواخانہ میں میرا علاج ہورہا تھا اور مجھے کورونا وائرس کے باعث ڈسچارج کیا گیا ۔ اس کے بعد سے میرے لیے یہ ایک واحد راستہ تھا کہ میں ایک آوٹ پیشنٹ کے طور پر ڈاکٹرس سے ربط کر پاتا ۔ متعلقہ ڈاکٹر کال پر مجھے ادویات استعمال کرنے کا مشورہ دیتے تھے ۔ اب ڈاکٹرس آوٹ پیشنٹ وارڈ میں مریضوں کے علاج و معالجہ پر توجہ دے رہے ہیں اور مجھے فالج کا علاج کروانے کی ضرورت ہے جس کے لیے دواخانہ میں شریک کر کے ڈاکٹر کے آبزرویشن کی ضرورت ہوتی ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب یونانی علاج کو جاری رکھے ہیں اور اس کے ساتھ ایک خانگی کلینک کے ڈاکٹر سے صلاح و مشورہ کرتے ہوئے ایلوپیتھک ادویات بھی استعمال کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ چونکہ لاک ڈاؤن کے بعد اس دواخانہ میں تھراپی کو روک دیا گیا اس لیے مجھے اینٹی بائیوٹیکس یا پین کلرس لینا پڑتا ہے یا تھراپی کے لیے خانگی کلینکس جانا پڑتا ہے ‘ ۔ اس دواخانہ میں شریک ہونے کے لیے آئے لیکن واپس کئے جانے پر مایوس آوٹ پیشنٹ وارڈ میں ایک اور مریض نے کہا کہ ’ ہمارے جیسے فالج کے مریضوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیوں کہ اب اس دواخانہ کی خدمات کی فہرست میں تھراپی اور مساج کا علاج نہیں ہے ۔ مجھے ایک خانگی دواخانہ میں تھراپی کروانا پڑا جہاں بہت زیادہ فیس چارج کی جارہی ہے جس سے میری جیب پر بہت بوجھ ہورہا ہے ‘ ۔ ڈاکٹرس کے مطابق ایسے کئی مریض ہوتے ہیں جنہیں فالج کے علاج کے لیے شریک دواخانہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن مریضوں کو شریک کرنے کے تعلق سے آیوش ڈائرکٹر کی جانب سے کوئی احکام جاری نہیں کئے گئے ۔ گورنمنٹ نظامیہ جنرل ہاسپٹل جو چارمینار دواخانے کے نام سے مشہور ہے ، شہر میں ان پیشنٹ وارڈ کے ساتھ واحد یونانی دواخانہ ہے اور اس دواخانہ سے روزانہ اوسطاً 1200 آوٹ پیشنٹس رجوع ہوتے ہیں اور 150 سے زیادہ گائناکالوجی مریض ، 180 بستروں والا یہ دواخانہ زیادہ تر فالج کے مریضوں سے تقریباً بھرا رہتا ہے ۔۔