چارمینار زون میں 11 بوسیدہ عمارتیں منہدم

,

   

خستہ حال عمارتوں کو مسمار کرنے بلدیہ کا مانسون ایکشن پلان

حیدرآباد 23 جولائی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مانسون ایکشن پلان کے حصہ کے طور پر 11 جون 2019 ء سے شہر کے خستہ حال عمارتوں کو منہدم کرنے خصوصی مہم شروع کی ہے۔ اب تک 162 خستہ حال عمارتیں منہدم کی جاچکی ہیں جبکہ 26 بوسیدہ عمارتوں کو ضبط کرلیا گیا اور 12 عمارتوں کی مرمت کی گئی۔ کمشنر بلدیہ دانا کشور نے کہاکہ بوسیدہ عمارتوں کو منہدم کرنے کی خصوصی مہم جاری رہے گی۔ آج منگل کو بھی بلدی عہدیداروں نے چارمینار زون میں 11 بوسیدہ عمارتوں کو منہدم کردیا۔ کوکٹ پلی سرکل میں ایک عمارت کو خالی کرادیا گیا اور ضبط کرلیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن عہدیدار نے اطلاع دی ہے کہ 2019 ء میں 331 بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اِن میں مزید 435 عمارتوں کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال سے اب تک جن عمارتوں کی نشاندہی کی گئی اِن کی تعداد 766 ہے۔ ان میں سے 191 عمارتوں کو گرادیا گیا اور 133 عمارتوں کی مرمت کی گئی یا انھیں خالی کرادیا گیا مابقی 442 عمارتوں کو منہدم کیا جائے گا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ بوسیدہ عمارتوں کی انہدامی کارروائی جاری رہے گی اور اِن عمارتوں میں مقیم افراد کی کونسلنگ کرتے ہوئے انھیں خالی کیا جارہا ہے۔ انسانی جانوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے یہ عمارتیں خالی کروائی جارہی ہیں۔ گرنے کے قریب پہونچنے والی عمارتوں کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ عوام کو خبردار کرتے ہوئے انتباہی تحریر بھی لکھی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے مالکین جائیداد، کرایہ داروں اور اِس میں رہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ خطرناک حد تک بوسیدگی کا شکار عمارتوں کا فوری تخلیہ کریں۔