چار ریاستوں میں غزوہ ہند ماڈیول کے تحت این ائی اے نے لی تلاشی

,

   

موبائیل فونوں اورسم کارڈس کے علاوہ این ائی اے کی چھاپہ ماری میں متعدد دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں۔


نئی دہلی۔مذکورہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این ائی اے) نے اتوار کے روزمتعدد ریاستوں میں چھاپے مارے‘ جس کے نتیجے میں پاکستان کی حمایت یافتہ غزوہ ہند ماڈیول کیس میں مجرمانہ دستاویزات اور عصری آلات کو ضبط کیاگیاہے۔

ایک اہلکار نے بتایاکہ تلاشیوں سے مشتبہ افراد کے پاکستان میں مقیم ہینڈ لرز کے ساتھ روابط کا بھی انکشاف ہوا ہے‘ جن کے احاطے کی اتوار کے روز تلاشی لی گئی۔مذکورہ اہلکار نے کہاکہ یہ مشتبہ افراد ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے اور غزوہ ہند کی بنیاد پر ست‘ مخالف ہندوستان خیال کوپھیلانے میں ملوث تھے۔

اہلکارنے بتایاکہ مدھیہ پردیش کے دیواس‘ گجرات کے گرسومناتھ‘اترپردیش کے اعظم گڑ ھ او رکیرالا کے کوزیکوٹ میں مشتبہ افراد کے ٹھکانوں کی تلاشی لی گئی ہے۔این ائی اے کے کریک ڈاؤن کے دوران اس معاملے میں جاری تحقیقات کے حصے کے طور پر موبائل فون اور سم کارڈس کے علاوہ کئی دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں۔

ابتدائی طورپر یہ کیس گذشتہ 14جولائی کو بہار کے ضلع پٹنہ میں پھلواری شریف پولیس نے ایک مرغوب دانش احمد عرف طاہر کی گرفتاری کے بعد ایف ائی آر کے طور پر درج کیاتھا۔ مرغوب واٹس ایک گروپ ”غزوہ ہند“ کا ایڈمن تھا‘جسے زین نامی ایک پاکستانی شہری نے بنایاتھا۔

ملزم مرغوب نے ہندوستان کے ساتھ ساتھ پاکستان‘بنگلہ دیش اور یمن سمیت دیگر ممالک سے بھی کئی افراد کو اس گروپ میں شامل کیاتھا۔ مرغوب دیگر سوشیل میڈیاپلیٹ فارم جیسے ٹیلی گرام‘ بی ائی پی مسینجر پر بھی سرگرم تھا۔

مذکورہ عہدیدار نے کہاکہ این ائی اے کی تحقیقات کے مطابق ہندوستان کی سرزمین پر غزوہ ہند کے قیام کے حوالے سے متاثر کن نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے کے مقصد سے اس گروپ کوپاکستان میں مقیم مشتبہ افراد چلارہے تھے۔

انسداددہشت گردی ایجنسی نے رواں سال 6جنوری کو ملزم مرغوب احمد دانش کے خلاف چارج شیٹ دائر کی تھی۔