چار سالوں میں فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق 3400 مقدمات درج ہوئے: مرکزی حکومت نے لوک سبھا میں دی جانکاری

   

مرکزی حکومت نے منگل کو لوک سبھا میں بتایا کہ پچھلے چار سالوں میں ملک بھر میں فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق 3400 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار 2016 سے 2020 تک کے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے منگل کو لوک سبھا میں یہ جانکاری دی۔ جبکہ ان چار سالوں کے دوران فسادات سے متعلق 2.76 لاکھ مقدمات درج ہوئے ہیں۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے رائے نے کہا کہ سال 2020 میں فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق 857 معاملے درج کیے گئے۔ جبکہ سال 2019 میں ان کی تعداد 438، 2018 میں 512، 2017 میں 723 اور 2016 میں 869 تھی۔ جبکہ سال 2020 میں فسادات یا پرتشدد تنازعات سے متعلق 51,606 مقدمات درج کیے گئے۔ سال 2019 میں ان کی تعداد 45,985 تھی۔ سال 2017 میں ان کی تعداد 57,828 ہے اور سال 2017 میں فسادات سے متعلق 58,880 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سال 2016 میں ان کی تعداد 61,974 رہی ہے۔ انہوں نے یہ معلومات ایک تحریری سوال کے جواب میں دی۔