چاول، گیہوں، چینی و دالوں کی قیمتوں میں اضافہ، تیلوں میں اتار چڑھاؤ

   

نئی دہلی، 16 اپریل (یو این آئی) گھریلو ٹھوک اجناس بازاروں میں آج تقریباً تمام اشیاء کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔ چاول کی اوسط قیمت میں اضافہ ہوا جبکہ گیہوں ، چینی اور دالوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ دوسری جانب خوردنی تیلوں میں ملا جلا رجحان رہا۔ اوسط درجے کے چاول کی قیمت 45 روپے اضافہ کے ساتھ 3,856 روپے فی کوئنٹل ہو گئی۔ گیہوں کی قیمت 6 روپے اضافہ کے ساتھ 2,784 روپے فی کوئنٹل تک پہنچ گئی جبکہ آٹے کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوا۔ دالوں میں نمایاں تیزی رہی۔ اُڑد دال کی قیمت 62 روپے فی کوئنٹل بڑھ گئی جب کہ تُور دال میں 41 روپے اور مسور دال میں 40 روپے کا اضافہ ہوا۔ چنا دال 33 روپے اور مونگ دال 32 روپے فی کوئنٹل مہنگی ہو گئی۔ بین الاقوامی سطح پر ملائیشیا کے برسا ملائیشیا ڈیریویٹیوز ایکسچینج میں جولائی کیلئے پام آئیل فیوچر 2 رنگٹ کم ہو کر 4,495 رنگٹ فی ٹن رہ گیا۔ مئی کے امریکی سویا آئل فیوچر میں 0.86 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 68.18 سینٹ فی پاؤنڈ رہی۔ مقامی بازاروں میں بیشتر خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ سورج مکھی کے تیل کی قیمت میں اوسطاً 88 روپے اور ونسپتی میں 122 روپے فی کوئنٹل اضافہ ہوا۔ پام آئیل 66 روپے اور مونگ پھلی کے تیل کی قیمت 58 روپے بڑھ گئی جبکہ سرسوں کے تیل میں بھی 17 روپے کا اضافہ ہوا۔ تاہم سویا آئل کی قیمت میں 24 روپے فی کوئنٹل کمی ریکارڈ کی گئی۔ میٹھے کے بازار میں گڑ کی قیمت میں 39 روپے فی کوئنٹل اضافہ ہوا جب کہ چینی 8 روپے مہنگی ہو گئی۔