چاکلیٹ کے بہانے کمسن کی عصمت ریزی پر ملزم کو 12 سال کی سزا

   

حیدرآباد /21 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چاکلیٹ کے بہانے 4 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کرنے والے مجرم کو عدالت نے 12 سال کی سزاء سنائی ہے ۔ بھونگیر ٹاون میں سال 2015 میں ایک واقعہ پیش آیا تھا ۔ جس پر آج نلگنڈہ کی ایک عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں بھونگیر پولیس نے چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ جس پر عدالت نے اے کرشنیا 54 سال ساکن بھونگیر کو سزا سنائی ہے ۔ شکایت گذار خاتون نے بھونگیر پولیس اسٹیشن میں شکایت کے وقت بتایا تھا کہ خاتون اور اس کا شوہر رائس میل میں ملازمت کرتے ہیں۔ ایک روز اپنی 4 سالہ لڑکی اپنے مکان کے قریب ہی تھی ۔ ایک شخص اس کی لڑکی کو کمرے میں لے گیا ۔ جب پڑوسی سے اس نے دریافت کیا کہ اس کی لڑکی کہیں نظر نہیں آرہی ہے تو پڑوسی نے بتایا کہ کرشنیا لڑکی کے ساتھ تھا ۔ خاتون دوڑتے ہوئے کرشنیا کے کمرے کے قریب پہونچی تو اسے معلوم ہوا کہ اس کی کمسن لڑکی کی عصمت 54 سالہ کرشنیا نے لوٹ لیا ہے خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے کارروائی انجام دی اور اسے عدالت نے سزا سنائی ہے ۔