بی آر ایس حکومت میں پاور منسٹر پاور لیس ، کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کا طنز
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں پاور منسٹر جگدیشور ریڈی پاور لیس منسٹر تھے ۔ قندیل میں پڑھائی کرنے والے جگدیشور ریڈی راتوں رات 1000 کروڑ روپئے کے مالک کیسے بن گئے ؟ استفسار کیا ۔ اسمبلی میں برقی پر پیش کردہ وائیٹ پیپر مختصر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہا کہ ہمیشہ اقتدار میں رہنے کا خواب دیکھنے والے بی آر ایس کے قائدین کو عوام نے شکست دی ہے جس کے صدمہ سے ابھی باہر نہیں آئے ۔ برقی بحران اور بے قاعدگیوں پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عدالتی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں ۔ چراغوں میں پڑھنے اور 2014 تک کرائے کے گھر میں رہنے والے جگدیشور ریڈی ایک ہزار کروڑ روپئے کے مالک کیسے بن گئے یہ سب سے بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ مجھے سیاسی جماعتیں تبدیل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنانے کا سابق وزیر برقی کو اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ کے سی آر کے پاس جی حضوری کرنے والے پاور منسٹر حقیقت میں پاور لیس منسٹر تھے برقی کا سارا نظام پربھاکر راؤ کنٹرول کیا کرتے تھے ۔ عہدوں کے لیے جی حضوری کرنے والے قائدین ہمیں سبق سکھائیں گے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سابق وزیر برقی کو خبردار کیا ۔ اب بہت ہوگیا مزید برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ابھی بھی حکومت میں ہونے کی غلط فہمی میں ہے ۔ سونیا گاندھی نے فاضل بجٹ کے ساتھ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا تھا ۔ ترقی کے نام پر بی آر ایس حکومت نے کمیشن کے لیے بڑے پیمانے پر قرض حاصل کیا ۔ کے سی آر کے یکطرفہ فیصلوں سے برقی شعبہ مقروض ہونے کے ساتھ معاشی بحران کا شکار ہوگیا۔ وہ امید کرتے ہیں کانگریس حکومت ریاست کو ترقی کی طرف گامزن کرے گی ۔۔ ن