ٹالی ووڈ کیلئے کسی بھی سیاستداں سے ملاقات کیلئے تیار رہنے کا دعویٰ
حیدرآباد۔ 12 فروری (سیاست نیوز) تلگو فلموں کے میگا اِسٹار چرنجیوی نے دوبارہ سیاست میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے ان کے سیاست میں حصہ لینے کے افواہوں کو فل اسٹاپ لگادیا۔ چرنجیوی کی وزیراعظم نریندر مودی، چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو، آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان سے ملاقاتوں کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ قیاسی آرائیاں جاری تھیں کہ چرنجیوی دوبارہ سرگرم سیاست میں حصہ لیں گے۔ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ بی جے پی انہیں راجیہ سبھا کیلئے منتخب کرے گی یا پھر انہیں اپنے بھائی کی پارٹی ’’جنا سینا‘‘ کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کیلئے ترغیب دی جارہی تھی۔ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ صدرجمہوریہ کے کوٹہ میں انہیں راجیہ سبھا کیلئے منتخب کرتے ہوئے بی جے پی جنوبی ہند میں اپنی پارٹی کو طاقتور بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ ان قیاس آرائیاں کے درمیان چرنجیوی نے برھمانندم کی فلم کی ریلیز سے قبل منعقد کی گئی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو فلم انڈسٹری کی ترقی اور ضرورتوں کیلئے وہ کسی بھی سیاست دان سے ملاقات کرنے سے گریز نہیں کریں گے بلکہ ٹالی ووڈ کی خاطر کسی سے بھی ملاقات کریں گے۔ جہاں تک میرے سیاسی عزائم کا تعلق ہے، میرے بھائی کی پارٹی ’’جنا سینا‘‘ پورا کررہی ہے، جس سے وہ پوری طرح مطمئن ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ آندھرا پردیش میں 2008ء کے دوران چرنجیوی نے ’’پرجا راجیم‘‘ پارٹی تشکیل دی تھی اور 2009ء کے عام اسمبلی انتخابات میں ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کیا تھا اور 18% ووٹ کے ساتھ 18 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی، تاہم 2 اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کرنے والے چرنجیوی ایک پر بھی کامیابی حاصل نہیں کرپائے۔ بعد میں انہوں نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کردیا۔ کانگریس نے انہیں راجیہ سبھا کا رکن بناتے ہوئے مرکزی کابینہ میں شامل کیا۔ راجیہ سبھا کی رکنیت ختم ہونے کے بعد چرنجیوی سرگرم سیاست سے سبکدوش ہوگئے اور دوبارہ فلموں میں سرگرم ہوگئے۔2