چنتہ مادکا کے 2000 خاندانوں کو فی کس 10لاکھ روپئے دینے کا اعلان

,

   

کے سی آر نے آبائی گاؤں پر سرکاری امداد اور تحفوں کی بارش کردی،50کروڑ کی اجرائی کا حکم

حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے پیدائشی موضع چنتہ مدکا کے عوام کے لئے سرکاری تحائف کی بارش کردی ہے اور چنتا مدکا میں جو فلاحی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ان اقدامات کو اندرون 4ماہ مکمل کرنے کے احکام بھی جاری کئے ہیں۔ چیف منسٹر کے دورہ چنتہ مدکا کی تیاریاں کئی ماہ سے جاری تھیں اور آج اس دورہ کے دوران چیف منسٹر نے ریاست تلنگانہ کے عوام کی صحت کی تفصیلات جمع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کاآغاز چنتا مدکا کے عوام کے صحت انڈیکس کی تیاری سے ہوگاانہو ںنے اس سلسلہ میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں چنتہ مدکا پہلا ایسا موضع ہوگا جہاں کے عوام کی صحت کی مکمل تفصیلات کا ریکارڈ حکومت کے پاس موجود رہے گا۔ چندر شیکھر راؤ نے اپنے خطاب کے دوران موضع کے ہر خاندان کی معاشی بدحالی کو دور کرنے کیلئے فی خاندان دس لاکھ روپئے تک مالیہ کی فراہمی کی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موضع کے خاندانوں کی معاشی بہتری کیلئے 10لاکھ روپئے تک کی فراہمی کو حکومت یقینی بنائے گی بشرطیکہ ان خاندانو ںکی جانب سے تجارتی یا صنعتی منصوبہ پیش کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ریاست کے تمام اضلاع میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر عمل میں لائی جار ہی ہے ۔ مسٹر کے سی آر نے اپنے پیدائشی موضع میں 2000 مکانات کی تعمیر کو منظوری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موضع کوترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر کو خصوصی 50 کروڑ روپئے کے فنڈس کی اجرائی کا اختیار دیتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ رکن اسمبلی کے بجٹ سے یہ فنڈ حاصل کریں اور مقامی عوام کی ضروریات کی تکمیل اور انہیں معیاری سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیا جائے۔ چیف منسٹر نے موضع کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے علاوہ ان کی طبی حالت کو بہتر بنانے کے لئے موضع میں مسلسل طبی کیمپ منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی ۔ انہوںنے بتایا کہ موضع میں رہنے والوں کی صحت کی مکمل تفصیلات جمع کئے جانے کے بعد جن لوگوں کو فوری علاج کی ضرورت ہے انہیں معیاری دواخانو ںمیں سرکاری خرچ پر علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے دورۂ پیدائشی مقام کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی سدی پیٹ ٹی ہریش راؤ ‘ محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل کے علاوہ دیگر عوامی نمائندے اور علاقہ کے بزرگ شہری موجود تھے۔