چندرائن گٹہ تا حافظ بابا نگر سڑک عبور کرنا انتہائی مشکل

   


ڈیوائیڈرس ندارد، حادثات کے امکانات میں اضافہ، جی ایچ ایم سی کو توجہ دینے کی ضرورت

حیدرآباد۔18۔ڈسمبر(سیاست نیوز) پیدل راہروں کو سڑک حادثات سے محفوظ رکھنے کے نام پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اونچے ڈیوائیڈر تعمیر کرنے پر توجہ دی جارہی ہے لیکن سڑک عبور کرنے کے لئے فٹ اوور برجس کی تعمیر سے برتی جانے والی غفلت سڑک حادثات میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے۔ دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد کے علاقو ں میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور پیدل راہروں کو جابجا سڑک عبور کرنے کے روکنے کے لئے اونچے ڈیوائیڈر کی تعمیر کے علاوہ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے رسیوں سے تیار کردہ عارضی ڈیوائیڈر لگائے جارہے ہیں اور یہ ادعا پیش کیا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے علاوہ ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے کے لئے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن محکمہ ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ان اقدامات سے حادثات کے خدشات میں اضافہ ہونے لگا ہے کیونکہ جن مقامات پر رسی سے بنائے گئے ڈیوائیڈر ہیں انہیں پیدل راہرووں کی جانب سے پھلانگنے کی کوشش کی جاتی ہے اور موٹر سیکل راں ان رسیوںکو اپنی گاڑیوں کے نیچے کچلتے ہوئے گاڑیو ںکو موڑنے لگتے ہیں جو کہ اپنی سمت سے آنے والی گاڑیوں کی رفتار میں رکاوٹ کا سبب بننے کے علاوہ حادثات کا موجب بنتا ہے۔ اسی طرح جن مصروف سڑکوں پر اونچے ڈیوائیڈر تعمیر کئے جا رہے ہیں ان سڑکوں پر سڑک عبور کرنے کے لئے کوئی راہداری نہ رکھے جانے کے سبب طویل راستوں کو عبور کرنا شہریوں بالخصوص پیدل راہرووں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہونے لگا ہے ۔ چندرائن گٹہ سے بندلہ گوڑہ جانے والی سڑک کے علاوہ چندرائن گٹہ سے حافظ بابا نگر کی سڑک پر جہاں تیز رفتار گاڑیاں معمول کی بات ہیں لیکن اس کے باوجود ان مصروف ترین سڑکوں پر سڑک عبور کرنے کے لئے کوئی مناسب جگہ نہیں ہے حالانکہ سڑک کے دونوں جانب گنجان آبادیاں موجود ہیں اور ان آبادیوں کے مکینوں کو سڑک عبور کرنے کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے جبکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئی مقامات پر فٹ اوور برجس کی تعمیر کے اعلانات کئے گئے تھے لیکن ان پر عمل آوری کے بجائے اونچے ڈیوائیڈرس کی تعمیر کے ذریعہ عوام کے مسائل میں اضافہ کیا جا رہاہے جو کہ انتہائی تکلیف دہ ثابت ہونے لگا ہے۔سڑکوں کو حادثات سے پاک بنانے کے علاوہ پیدل راہرووں کی سہولت کے لئے اقدامات کئے جانے کے ناگزیر ہے جبکہ موٹر سیکل رانوں اور موٹر کاروں کے لئے طویل فاصلہ پر یو (U) ٹرن کی سہولت فراہم کئے جانے سے مسائل نہیں ہوتے لیکن پیدل راہرووں کے لئے مسائل پیدا ہونے لگتے ہیں۔