چندرائن گٹہ علاقہ میں دوہرے قتل کی سنسنی خیز واردات

   

دیور نے بھاوج اور ان کی والدہ کا گلا کاٹ دیا ۔ ملکیت اراضی تنازعہ کا شبہ
حیدرآباد ۔ /14 فبروری (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ ، تالاکنٹہ میں دوہرے قتل کی سنسنی خیز واردات پیش آئی جس میں ماں بیٹی کا گلاکاٹ کر قتل کردیا گیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملکیت اراضی تنازعہ اس کی وجہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح 9 بجے پولیس چندرائن گٹہ کو 65 سالہ محمد حسین نے یہ اطلاع دی کہ ان کی بیوی 60 سالہ شہزادی بیگم اور 32 سالہ بیٹی فریدہ بیگم کا قتل کردیا گیا ہے اور ان کی نعشیں خون میں لت پت پڑی ہیں ۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس کے علاوہ اے سی پی فلک نما ایم اے ماجد مقام واردات پہونچ گئے اور کلوز ٹیم کو طلب کرلیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ فریدہ بیگم کا شوہر مہتاب قریشی اور اس کا دیور رحمن قریشی 8 سال قبل خلیج ممالک روزگار کیلئے گئے تھے جہاں سے بھاری رقم فریدہ بیگم کو روانہ کی تھی اور حیدرآباد میں اراضی یا مکان خریدنے کا مشورہ دیا تھا ۔ فریدہ بیگم نے غازی ملت کالونی چندرائن گٹہ میں ایک اراضی خریدی تھی جس میں دیور رحمن قریشی کا بھی حصہ تھا ۔ اراضی میں حصہ کو لیکر سابق میں رحمن قریشی اور فریدہ بیگم کے درمیان جھگڑا ہوا تھا لیکن خاندان کے بزرگوں نے اس معاملہ کی عارضی طور پر یکسوئی کردی تھی لیکن رحمن قریشی مسلسل اپنی بھاوج سے رقم کا مطالبہ کررہا تھا ۔ رقم کی وصولی اور اراضی میں حصہ کو لیکر رحمن قریشی آج پھر بھاوج کے مکان واقع تالاکنٹہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ پہونچا جہاں پر دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ جس میں شہزادی بیگم نے بھی مداخلت کی ۔ برہمی کی حالت میں رحمن قریشی نیتیز دھار چاقو سے ماں اور بیٹی کا گلا کاٹ دیا اور فرار ہوگیا ۔ محمد حسین اپنی نواسیوں کو اسکول چھوڑ واپس آئے اور بیوی اور بیٹی کی نعش خون میں لت پت دیکھ کر ان پر سکتہ طاری ہوگیا ۔ پولیس چندرائن گٹہ اور کلوز ٹیم نے ابتدائی تحقیقات کے بعد نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا جبکہ پولیس کرائم ٹیم نے رحمن قریشی کو حراست میں لے لیا ۔