چندرا بابونائیڈو نے کانگریس رکن اسمبلی کی والدہ کی عیادت کی، سیتکا جذبات سے مغلوب

   

حیدرآباد: کانگریس کی رکن اسمبلی سیتکا آج اس وقت جذبات سے مغلوب ہوگئی جب تلگو دیشم کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو حیدرآباد میں زیر علاج ان کی ماں کی عیادت کے لئے اچانک ہاسپٹل پہنچ گئے ۔ ملگ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والی سیتکا سابق میں تلگو دیشم سے وابستہ رہ چکی ہیں۔ ان کی والدہ کئی دنوں سے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو گچی باؤلی میں زیر علاج ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو آج صبح ہاسپٹل پہنچے اور ڈاکٹرس سے سیتکا کی والدہ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ۔ وہ کچھ دیر تک ہاسپٹل میں رکے رہے۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو سیتکا کی عوامی خدمات خاص طور پر غریبوں اور قبائلیوں کی مدد کیلئے کئی کیلو میٹر تک پیدل چلنے کا ذکر کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے سیتکا کو پابند ڈسپلن سیاستداں قرار دیا۔ اس موقع پر سیتکا جذبات سے مغلوب ہوگئیں اور اشکبار آنکھوں سے چندرا بابو نائیڈو کا شکریہ ادا کیا ۔ بعد میں انہوں نے
ٹوئیٹر پر لکھا کہ میری والدہ کے وینٹی لیٹر سے باہر نکلنے کے بعد انہیں جو پہلی خبر دی گئی ، وہ یہ تھی کہ انا چندرا بابو نائیڈو عیادت کے لئے پہنچے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے میری ماں کی صحت کے بارے میں دریافت کیا کہ اور مجھے ہمت دی ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر چندرا بابو نائیڈو انا آپ کا بہت شکریہ تحریر کیا ۔